بین الاقومی برادری مسئلہ کشمیر کے جمہوری انداز میں پرامن حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے

اسلام آباد : اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے جمہوری انداز میں پرامن حل کے لئے بین الاقومی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کااظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال بشمول مقبوضہ کشمیر میں پیراملٹری فورسز کے اضافی دستوں کی تعیناتی اور بھارتی افواج کی جانب سے شہریوں کو ممنوعہ کلسٹر ہتھیاروں سے نشانہ بنانے کی رپورٹوں پر تشویش ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل سیکرٹریٹ کو کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور اس کے نتیجے میں معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر صدمہ ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے جمہوری انداز میں پرامن حل کے لئے بین الاقومی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل اور مطالبے کے عزم کا اعادہ کرتی کی ہے۔